شاداب خان وائیٹیلٹی بلاسٹ کے لیے لنکاشائر سے معاہدہ کرلیا

شاداب خان وائیٹیلٹی بلاسٹ کے لیے لنکاشائر سے معاہدہ کرلیا

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے انگلینڈ کی معروف ٹی ٹوئنٹی ٹیم لنکاشائر لائٹننگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاداب خان 2026 وائیٹیلٹی بلاسٹ کے باقی ماندہ میچز میں لنکاشائر کی نمائندگی کریں گے۔ 27 سالہ پاکستانی آل راؤنڈر کو آسٹریلوی کھلاڑی کرس گرین کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو انجری کے باعث سیزن کے باقی میچز سے باہر ہو چکے ہیں۔شاداب خان فوری طور پر ٹیم کو جوائن کریں گے اور لیسٹرشائر فاکسز کے خلاف آئندہ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔پاکستانی اسٹار اس سے قبل بھی انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں سسیکس شارکس اور یارکشائر کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ دنیا بھر کی مختلف فرنچائز لیگز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں شاداب خان کا ریکارڈ بھی متاثر کن ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے 124 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 144 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1009 رنز اسکور کیے ہیں، جبکہ 123 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔لنکاشائر سے معاہدے کے بعد شاداب خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنا ہمیشہ پسند رہا ہے اور لنکاشائر جیسے تاریخی اور بڑے کلب کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ میں شائقین کے سامنے کھیلنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔