لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق 2027 کے کرکٹ سیزن میں انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر کی نمائندگی کریں گے۔
یارکشائر کلب نے پاکستانی بیٹر کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ آئندہ سیزن کے مکمل دورانیے کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔یارکشائر کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق 30 سالہ امام الحق کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ دونوں مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ ان کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تقویت ملنے کی توقع ہے، جبکہ پاکستانی اوپنر ایک مرتبہ پھر انگلش کنڈیشنز میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے تیار ہیں۔امام الحق نے 2025 کے ون ڈے کپ میں یارکشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے صرف 8 لسٹ اے میچز میں 4 سنچریاں اسکور کیں اور 98.28 کی شاندار اوسط سے رنز بنائے تھے۔ ان کی مسلسل عمدہ بیٹنگ نے ٹیم کو ون ڈے کپ کے اہم مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔یارکشائر میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ یہ کلب ہمیشہ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ ایک مرتبہ پھر یارکشائر کی نمائندگی کرنے کے لیے پُرجوش ہیں اور آئندہ سیزن میں ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں کلب کے ساتھ وقت اچھا گزرا اور انہیں ٹیم کے کھلاڑیوں، انتظامیہ اور شائقین کی جانب سے بھرپور تعاون ملا۔ وہ 2027 کے سیزن میں بھی اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب یارکشائر کے جنرل منیجر کرکٹ گیون ہیملٹن نے بھی امام الحق کی واپسی کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بیٹر نے گزشتہ سیزن میں اپنی شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو ون ڈے کپ کے اہم مرحلے تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔گیون ہیملٹن کے مطابق امام الحق کا تجربہ اور بیٹنگ کی صلاحیت آئندہ سیزن میں ٹیم کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ کلب کو امید ہے کہ وہ گزشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ امام الحق کا یارکشائر سے خاندانی تعلق بھی ہے۔ ان کے چچا اور سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق بھی ماضی میں اس انگلش کاؤنٹی کلب کی نمائندگی کر چکے ہیں۔