کراچی: ٹریفک حادثات میں دو دوستوں سمیت 3 افراد جاں بحق

کراچی: ٹریفک حادثات میں دو دوستوں سمیت 3 افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ ٹریفک حادثات میں دو دوستوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پہلا حادثہ ڈیفنس فیز ٹو کے علاقے ڈیفنس لائبریری کے قریب پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار دو نوجوان نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں نوجوانوں کی شناخت 20 سالہ حمزہ ولد شکیل اور 22 سالہ سمیر ولد اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں نوجوان پی اینڈ ٹی کالونی کے رہائشی اور قریبی دوست تھے۔ وہ مبینہ طور پر مویشی منڈی جا رہے تھے کہ راستے میں تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے حادثہ پیش آیا۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے جبکہ ملزم ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ لاشوں کو جناح اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں بعد ازاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسرا حادثہ اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ پر بلوچ ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 60 سالہ راہگیر جاں بحق ہو گیا۔ لاش کو بھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے راہگیر کے پاس سے کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی، جس کے باعث اس کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ورثا کی تلاش ممکن بنائی جا سکے۔پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فرار ہونے والے ڈرائیورز کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔