لاہور میں مختلف واقعات، ٹریفک حادثات سمیت 5 افراد جاں بحق

لاہور میں مختلف واقعات، ٹریفک حادثات سمیت 5 افراد جاں بحق

لاہور میں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق، بھاٹی گیٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب سے 62 سالہ شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت حنیف علی کے نام سے ہوئی۔ اسی علاقے کے بھاٹی چوک سے 55 سالہ نامعلوم شخص کی لاش بھی برآمد ہوئی۔علاوہ ازیں، باٹا پور کھیرا پل کے قریب بی آر بی نہر سے 22 سالہ نوجوان کی لاش نکالی گئی، جس کی شناخت امیر حمزہ کے نام سے ہوئی، وہ نارووال کا رہائشی تھا۔اسی طرح ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا، جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

جبکہ ٹاؤن شپ اکبر چوک کے قریب گرین بیلٹ سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے تمام واقعات کے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ لاشوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔