کراچی میں ٹریفک حادثات، 4 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق، کرنٹ لگنے سے ایک شخص چل بسا

کراچی میں ٹریفک حادثات، 4 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق، کرنٹ لگنے سے ایک شخص چل بسا

کراچی میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 4 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ سائٹ ایریا میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ تھانے کی حدود میں شارع فیصل پر وائرلیس گیٹ کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ انعام انصاری کے نام سے ہوئی ہے، جو نجی کوریئر کمپنی ڈی ایچ ایل میں ملازمت کرتا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

دوسری جانب کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چلتے رکشے سے گر کر 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ بچی کی شناخت اقرا کے نام سے کی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی۔

ادھر سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق شخص کی عمر تقریباً 35 سال ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔