ملک بھر میں موسم کی صورتحال تبدیل، بعض علاقوں میں گرمی میں کمی اور بارش کی پیشگوئی

ملک بھر میں موسم کی صورتحال تبدیل، بعض علاقوں میں گرمی میں کمی اور بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف شہروں میں موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں کئی علاقوں میں گرمی کی شدت کم ہوئی ہے جبکہ بعض مقامات پر بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

لاہور میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات شہر میں بارش کے 20 فیصد امکانات موجود ہیں، جبکہ دن بھر موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں مطلع صاف ہے اور دھوپ کے ساتھ ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی رفتار تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر رہا، جہاں مجموعی اے کیو آئی 137 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح یوں رہی: بیدیاں 161، ماڈل ٹاؤن 155، گلبرگ تھری 148 اور برکی روڈ 132۔

کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ دن کے وقت موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ شدت 33 ڈگری محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان موجود ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔