آذربائیجان اور پاکستان دکھ سکھ کے حقیقی شریک ہیں: یوسف رضا گیلانی

پاکستان آذربائیجان کے ساتھ عوامی اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے:چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آذربائیجان کے یومِ آزادی کے حوالے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے  پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور عوامی رشتوں میں بندھے ہوئے برادر ممالک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کے عوام اور قیادت کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے حقیقی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کو بھارتی جارحیت کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی تو آذربائیجان کے عوام نے اسی جوش و جذبے سے جشن منایا جیسے یہ فتح ان کی اپنی ہو۔انہوں نے کہا کہ انہیں آذربائیجان کے صدر اور پارلیمانی قیادت سے متعدد ملاقاتوں کا موقع ملا، جن میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔