ٹریفک کی5 بڑی خلاف ورزیوں پر جرمانے کے بجائے مقدمہ

ون وے کی خلاف ورزی پر،بغیررجسٹریشن موٹرسائیکل رکشا، اوورلوڈنگ ،تجاوزات اورکم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آرکٹے گی،سی ٹی اولاہور
لاہور(کرائم رپورٹر) ٹریفک کی پانچ بڑی خلاف ورزیوں پر جرمانے کے بجائے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر فوری ایف آئی آر درج کروائی جائے ۔اس کے علاوہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل رکشا باالخصوص ریڑھی نما موٹرسائیکل گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کریں اور ایف آئی آر درج کی جائے۔خطرناک انداز میں بنائی گئی گاڑیوں کی باڈی اور اوور لوڈنگ کرنے والوں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایف آئی آر درج ہوگئی۔ تجاوزات قائم کرنے والوں پر بھی ایف آئی آر درج کی جائے۔ کم عمر ڈرائیورز اپنی جان کو ہی نہیں  دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں، کم عمر ڈرائیورز کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔سی ٹی اولاہورکے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو حوالات میں بند کیا جائیگا۔