لاہور میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر چالان کے بجائے مقدمات درج کرنیکا فیصلہ

پولیس فلیشر لائٹس، غیر قانونی نیلی بتی ‘ گرین نمبر پلیٹس کے استعمال ‘  پلیٹ پر چھپائی کرنے، اس میں ردوبدل یا شناخت چھپانے پر ایف آئی آر ہو گی
روڈ بلاکنگ، غیر ذمہ دارانہ  ڈرائیونگ، تیز رفتاری، خطرناک زگ زیگ ڈرائیونگ  کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر اب صرف چالان نہیں بلکہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 21مختلف خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ٹی او لاہور نے بتایا  پولیس فلیشر لائٹس، غیر قانونی نیلی بتی اور گرین نمبر پلیٹس کے استعمال پر مقدمات درج ہوں گے۔ نمبر پلیٹ پر چھپائی کرنے، اس میں ردوبدل یا شناخت چھپانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔روڈ بلاکنگ، ریش ڈرائیونگ، نیگلی جنٹ ڈرائیونگ، تیز رفتاری، خطرناک زگ زیگ ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہلڑ بازی اور انتہائی غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔سی ٹی او لاہور کے مطابق سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف چالان کے بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔