خیبر پختونخوا : سکیورٹی فورسز کی5 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشتگرد ہلاک

خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کئے گئے :آئی ایس پی آر‘کامیاب کارروائیوں پر وزیراعظم  اور وفاقی وزیرداخلہ کا  فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی(آئی این پی)سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا کے ضلع کرم، مہمند اور لکی مروت میں کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 30 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق  سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں  خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور خوارج کی پوزیشن کو موثرانداز میں نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر  کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم میں ایک کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج ہلاک ہوئے جب کہ  خفیہ اطلاع پر دوسری کارروائی میں 11 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند میں کارروائیوں میں فتنہ خوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، لکی مروت فائرنگ کے تبادلے میں 2  جب کہ ٹانک میں میں ایک خارجی دہشت گرد کو ہلا ک کیاگیا۔کامیاب کارروائیوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔