الیکٹرک بسوں میں کارڈ سے کرائے کی ادائیگی کا منصوبہ ناکام، سمارٹ فیئر کلیکشن سسٹم شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا
تفصیلات کے مطابق الیکٹرک بسوں میں مسافروں کے لیے کرائے کی ادائیگی کارڈ کے ذریعے کرنے کی سہولت متعارف کروائی گئی تھی، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ نے کیا اور تقریباً 300 کارڈز تقسیم کیے تھے۔ تاہم، آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم فعال نہ ہونے کی وجہ سے یہ سہولت بروئے کار نہ آسکی اور وزیراعلیٰ کے تقسیم کردہ کارڈز بھی بے سود ثابت ہوئے۔بسوں میں موجود ڈیجیٹل سکرین سے کرائے کی ادائیگی کے لیے سوائپ کی سہولت فراہم کی جانی تھی، لیکن سسٹم کی ناکامی کے باعث مسافر اب بھی کیش میں کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ اس ناکامی کی وجہ سے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے بھی کارڈز کا اجرا روک دیا ہے۔ تین ماہ گزرنے کے باوجود کارڈز کے اجرا میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔منصوبے کے سافٹ ویئر اور کارڈ ادائیگی کے نظام کی ذمہ داری پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) پر تھی۔