پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی درآمد کے لیے انٹرنیشنل ٹینڈر منسوخ، بسوں کی مقامی تیاری کا فیصلہ

پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی درآمد کے لیے انٹرنیشنل ٹینڈر منسوخ، بسوں کی مقامی تیاری کا فیصلہ

لاہور:پنجاب حکومت نے الیکٹرک بسوں کی درآمد کے لیے جاری کیا گیا انٹرنیشنل ٹینڈر منسوخ کر دیا ہے۔

 یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ اب الیکٹرک بسوں کی خریداری ڈائریکٹ کنٹریکٹنگ کے تحت کی جائے گی اور بسوں کی تیاری مقامی سطح پر کی جائے گی، جس سے نہ صرف زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ مقامی روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

فیصلے کی تفصیلات:
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان اس منصوبے سے متعلق معاملات طے پا گئے ہیں، اور فیصل آباد میں الیکٹرک بسوں کی تیاری کا پلانٹ لگایا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر کچھ پارٹس درآمد کیے جائیں گے، تاہم مستقبل میں مکمل بسیں پاکستان میں تیار کی جائیں گی۔پلانٹ کی تنصیب سے مقامی سطح پر نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ عالمی معیار کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی سطح کی نامور کمپنی بھی شامل ہو گی تاکہ بسوں کی تیاری میں معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکومت کا پلان:
حکومت نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے رواں سال ستمبر تک الیکٹرک بسوں کے حصول کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

پچھلا منصوبہ:
اس سے قبل لاہور کے لیے یوٹونگ کمپنی کی 27 الیکٹرک بسیں درآمد کی جا چکی ہیں، جنہیں شہر میں کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔یہ اقدام پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے علاوہ مقامی صنعت کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔