وفاقی وزیرمذہبی امور کامکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن ہسپتال کادورہ

 مکہ مکرمہ(آئی این پی ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی عازمینِ حج کے لیے ہم وطن اور ہم زبان طبی عملہ کا انتظام کسی نعمت سے کم نہیں۔انہوں نے یہ بات پاکستان حج مشن ہسپتال کا دورہ کے موقع پر کہی۔ ان کے ساتھ ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، چیف کووآرڈینیٹر حج ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان اور کووارڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان بھی موجود تھے۔ پاکستان حج میڈیکل مشن کے سربراہ کرنل ڈاکٹر شہیر جمال نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دستیاب طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیااور طبی عملہ کو ضیوف الرحمن کی تمام تر طبی ضروریات کو احسن طریقہ سے پورا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔