عازمینِ حج کیلئے ہم وطن طبی عملہ کسی نعمت سے کم نہیں:وزیرمذہبی امور

جدہ(آئی این پی )وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی عازمینِ حج کے لیے ہم وطن اور ہم زبان طبی عملہ کا انتظام کسی نعمت سے کم نہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے پاکستان حج مشن ہسپتال کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، چیف کوآرڈینیٹر حج ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان اور کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان بھی موجود تھے۔ پاکستان حج میڈیکل مشن کے سربراہ کرنل ڈاکٹر شہیر جمال نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دستیاب طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طبی عملہ کو تمام تر طبی ضروریات کو احسن طریقہ سے پورا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔