پاکستان کی ایک چیک پوسٹ پر 100 مارٹر، 80 میزائل گرائے گئے،ہمارے فوجی ہماری آزادی کی ضمانت ہیں، 78 سال بعد ہمیں مکمل آزادی حاصل ہوئی
مجھے یقین ہے بھارت نے دوبارہ ایسا عمل کیا تو اس سے بھی زیادہ ذلیل و رسوا ہو گا:وزیر دفاع کی سی ایم ایچ سیالکوٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو‘ زخمیوں کی عیادت
سیالکوٹ(آئی این پی)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے مجھے بتایا گیا ہے ایک چیک پوسٹ پر 100 کے قریب مارٹر اور 80 میزائل گرائے گئے، بھارت پر حملے سے قبل سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے نماز فجر کی امامت کروائی، یہ لمحات رقت آمیز تھے۔وزیر خواجہ آصف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عیادت کی۔خواجہ آصف کے ہمراہ جی او سی 15 ڈیو میجر جنرل عمران خان بابر تھے، خواجہ آصف کو زیر علاج زخمیوں کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ بہادر جوانوں کی عیادت کی۔ان کا کہنا ہے کہ جس بہادری سے ہمارے فوجی جوان لڑے اس کی مثال نہیں ملتی، یہ فوجی جوان اور افسران ہماری آزادی اور زمین کی حفاظت کی ضمانت ہیں۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یہ ملک اور قوم رہتی دنیا تک ان کا احسان نہیں چکا سکتے، 78 سال میں پہلی دفعہ اللہ تعالی نے مکمل فتح عطا کی۔وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ بھارت نے دوبارہ ایسا عمل کیا تو اس سے بھی زیادہ ذلیل و رسوا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری ایک چیک پوسٹ پر سو سے زائد گولے پھینکے گئے، ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، اپنے وطن کی حفاظت کے لئے وہ صحت یاب ہونے کے بعد پرعزم ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے فوجی ہماری آزادی ضمانت ہیں، 78 سال بعد ہمیں مکمل آزادی حاصل ہوئی ہے۔