نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ اعتماد اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ایک مثالی رشتہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس سے قبل پاکستان کا نکتہ نظر چین کے معروف نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے پروگرام میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے ایس سی او کے پلیٹ فارم کو نہایت اہم سمجھتا ہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وہ چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وژنری اقدامات کو سراہتے ہیں، بالخصوص بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) جیسے منصوبے خطے میں ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او یوریشیا کے خطے میں سیکیورٹی، تجارت، توانائی اور ثقافتی تعاون کا ایک موثر اور مضبوط پلیٹ فارم ہے، جس کی اہمیت بدلتے ہوئے عالمی حالات میں اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ ادارہ کثیرالجہتی، علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو توقع ہے کہ آئندہ اجلاس کے دوران چینی قیادت اور دیگر رکن ممالک کے سربراہان کے ساتھ تعمیری اور نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوں گی، جن سے خطے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔