برازیل کے شہر ساؤ پالو میں بنجی جمپنگ کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں 21 سالہ خاتون ماریا ایڈواردا فریٹاس 40 میٹر بلند پل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون کو بنجی جمپنگ کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عملے کی جانب سے مبینہ طور پر حفاظتی رسی درست طریقے سے منسلک نہیں کی گئی تھی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کو تین کارکنوں نے “سپرمین” انداز میں پل کے کنارے تک پہنچایا اور وہاں سے جمپ کے لیے نیچے چھوڑ دیا گیا، تاہم اس دوران ان کی حفاظتی بیلٹ کے ساتھ رسی منسلک نہیں تھی۔چند لمحوں بعد ہی خاتون کی چیخ و پکار سنائی دی جس پر معلوم ہوا کہ حفاظتی رسی موجود نہیں ہے، لیکن اس وقت تک وہ نیچے گر چکی تھیں۔عینی شاہدین کے مطابق عملے کو اپنی غلطی کا احساس اس وقت ہوا جب حادثہ رونما ہو چکا تھا۔ ایمرجنسی میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی تاہم خاتون کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔