پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر اور منہاج القرآن کے دارالافتاء کے سربراہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی انتقال کر گئے، جس پر دینی و تعلیمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرحوم طویل عرصے سے علومِ اسلامیہ اور فقہ اسلامی کی تدریس و تحقیق سے وابستہ رہے اور ہزاروں طلبہ نے ان سے استفادہ حاصل کیا۔ وہ منہاج القرآن کے تحت قائم کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں تقریباً 38 سال تک تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ان کے شاگرد پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دینی و علمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جسے ان کی علمی میراث کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ مغرب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ادا کی جائے گی، جس کی امامت چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کریں گے۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جید عالمِ دین، فقہ اسلامی کے ماہر اور نہایت مخلص شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ان کے انتقال کو علمی و دینی حلقوں میں ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف مذہبی و تعلیمی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔