چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی بانی عمران خان کو طبی معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ عمران خان کو گزشتہ شب انجیکشن لگانے کے لیے دوبارہ پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔انہوں نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر مکمل طبی سہولیات کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا مناسب علاج ممکن ہو سکے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ وہ اپنے اس مطالبے کو دہراتے ہیں کہ عمران خان کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے اور ساتھ ہی ان کی اہل خانہ سے فوری ملاقات بھی کرائی جائے۔پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔