راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں انہیں 28 اپریل کو چوتھا انٹرا وٹریئل اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگایا گیا۔
یہ انجکشن ان کے جاری علاج کے طے شدہ مرحلے کا حصہ تھا۔رپورٹ کے مطابق طریقہ کار سے قبل ماہرینِ امراضِ چشم نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا، جبکہ آپٹیکل کوہرینس ٹوموگرافی (او سی ٹی) میں بھی بہتری کے آثار سامنے آئے۔ اس سے قبل دوسرے اور تیسرے انجکشن کے موقع پر بھی پمز انتظامیہ نے ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔پمز انتظامیہ کے مطابق تمام طبی احتیاطی تدابیر اور آپریشن تھیٹر پروٹوکول کے تحت مائیکروسکوپی گائیڈنس میں انجکشن لگایا گیا، جبکہ یہ عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
علاج کے دوران بانی پی ٹی آئی کی حالت مستحکم رہی اور قبل، دوران اور بعد میں ان کے تمام وائیٹلز نارمل ریکارڈ کیے گئے۔طبی عمل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات، ادویات اور فالو اپ پلان کے ساتھ دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ پمز ذرائع کے مطابق آئندہ معائنے میں علاج کے اثرات کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔