شاہ محمود قریشی کو علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر کے دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا

شاہ محمود قریشی کو علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر کے دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو آٹھ روزہ علاج کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) لاہور سے ڈسچارج کر کے دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

 انہیں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل واپس لے جایا گیا۔شاہ محمود قریشی کو 17 مئی کو سینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد جیل سے پی آئی سی منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ اور علاج جاری رہا۔ ڈاکٹروں نے انہیں آٹھ روز تک زیرِ علاج رکھا، تاہم پیر کے روز انہیں اچانک اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے ان کی اچانک اسپتال سے واپسی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کا بلڈ پریشر اب بھی غیر معمولی ہے اور انہیں طبی سہولت کی مزید ضرورت تھی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قریشی کو قبل از وقت اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور اس اقدام سے ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی اس معاملے پر قانونی مشاورت کر رہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ ادھر اسپتال حکام نے تاحال اس سلسلے میں کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔