بانی پی ٹی آئی عمران خان رات گئے پمز ہسپتال منتقل، طبی معائنے اور علاج کے بعد اڈیالہ جیل واپس پہنچا دیا گیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان رات گئے پمز ہسپتال منتقل، طبی معائنے اور علاج کے بعد اڈیالہ جیل واپس پہنچا دیا گیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ضروری علاج فراہم کیا۔

جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی صحت کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کا بلڈ پریشر، آنکھوں اور کولیسٹرول کا معائنہ کیا گیا، جبکہ دیگر ضروری طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی پہلے سے تجویز کردہ ادویات کا بھی جائزہ لیا اور طبی ضروریات کے مطابق مزید ادویات تجویز کیں۔

آنکھوں کا خصوصی معائنہ اور علاج

پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے دوران ان کے تمام اہم طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے، جبکہ ان کی عمومی جسمانی حالت بھی تسلی بخش اور مستحکم قرار دی گئی۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ماہر امراض چشم کی ہدایت پر عمران خان کی آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجکشن بھی لگایا گیا۔ یہ عمل شعبہ امراض چشم کی ٹیم نے مکمل کیا۔ 
طبی معائنے کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل

جیل ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال میں ضروری طبی معائنہ، ٹیسٹ اور علاج مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو دوبارہ سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 8 نومبر کو بھی پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا تھا، جہاں ان کا بلڈ پریشر، نبض اور دیگر طبی اشاریے چیک کیے گئے تھے۔