مردان: خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹس شہید جبکہ دو راہگیر زخمی ہو گئے۔
حادثہ کاٹلنگ کے علاقے میں مردان روڈ پر جبر نہر کے قریب پیش آیا، جہاں تربیتی پرواز کے دوران طیارہ اچانک گر کر تباہ ہو گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایمبولینسز اور فائر وہیکلز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار دونوں پائلٹس موقع پر ہی شہید ہو گئے۔حادثے کے نتیجے میں دو راہگیر بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والے پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر پائلٹس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔