کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، میجر اور کیپٹن شہید

کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، میجر اور کیپٹن شہید

کوئٹہ: پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیرِ تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اکتوبر 2026 کو دوپہر کے وقت پاکستان آرمی ایوی ایشن کے مشاق تربیتی طیارے کو تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ترجمان پاک فوج نے حادثے میں دونوں پائلٹس کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے طیارہ حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔