برطانوی رائل ایئرفورس کا ہاک ٹی 2 تربیتی طیارہ ویلز کے جزیرے اینگلسی میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹس نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچالی۔
حکام کے مطابق حادثے میں دونوں پائلٹس کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ حادثہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب ہاک ٹی 2 نے اینگلسی سے تربیتی پرواز کے لیے اڑان بھری۔ طیارہ قریبی علاقے پینسرنسیوگ میں گر کر تباہ ہوا۔عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کے زمین سے ٹکرانے سے قبل دونوں پائلٹس نے ایجیکٹ کیا، جبکہ حادثے کے بعد طیارہ آگ کے شعلوں میں گھِر گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور دیگر ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام کے مطابق طیارہ گرنے کے نتیجے میں کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے یا بڑے پیمانے پر مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔رائل ایئرفورس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ہاک ٹی 1 اور ہاک ٹی 2 طیاروں کی پروازیں بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہیں، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ہاک ٹی 2 رائل ایئرفورس کا دو نشستوں والا جدید تربیتی جیٹ طیارہ ہے، جسے تیز رفتار جنگی طیاروں کے پائلٹس کی تربیت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔