بھارت کے شہر پریاگ راج میں بدھ کے روز بھارتی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا اور قریبی تالاب میں جا گرا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ معمول کے مطابق تربیتی مشقیں کر رہا تھا، لیکن اچانک تکنیکی خرابی کے باعث قابو سے باہر ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی اور طیارہ تیزی سے نیچے کی جانب آیا، جس کے بعد پانی میں جا گرا۔ اس دوران علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جائے حادثہ کو فوراً گھیرے میں لے لیا گیا۔حادثے کے بعد بھارتی فضائیہ، مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔بھارتی فضائیہ کے حکام نے کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور حتمی معلومات ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔