اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کے احکامات برقرار رکھ دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت سے متعلق مقدمے کی سماعت اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔ سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔کارروائی کے دوران عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ اسی طرح سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل، حفیظ الرحمن اور دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کو بھی برقرار رکھا گیا۔سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے، جس کے بعد عدالت نے ان کے حوالے سے مقدمے کا ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
عدالت میں استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جانے کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت میں پیش رفت جاری رہے گی۔یاد رہے کہ یہ مقدمہ 4 اکتوبر کے احتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعے سے متعلق تھانہ نون اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا، جس میں متعدد پی ٹی آئی رہنما نامزد ہیں۔