26 نومبر احتجاج کیس: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری برقرار

26 نومبر احتجاج کیس: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، عبدالغنی آفریدی، جنید اکبر اور دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے آج پیش نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔

حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد
عدالت میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت دیگر ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی دائر کی گئی تھیں، تاہم عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کردیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے۔عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمے کا چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ کیس میں مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔

تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج
پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، عبدالغنی آفریدی، جنید اکبر اور دیگر کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمہ تھانہ مارگلہ اسلام آباد میں درج ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔ آئندہ سماعت پر ملزمان کے وارنٹ، اشتہاری کارروائی اور پولیس کی جانب سے چالان پیش کیے جانے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔