راولپنڈی اور پشاور میں گیس لیکج دھماکے، بچوں سمیت 8 افراد زخمی

راولپنڈی اور پشاور میں گیس لیکج دھماکے، بچوں سمیت 8 افراد زخمی

ملک کے دو مختلف شہروں میں گیس لیکج کے باعث دھماکوں اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، جن میں بچوں سمیت مجموعی طور پر 8 افراد زخمی ہو گئے۔

راولپنڈی کے علاقے کری روڈ صادق آباد میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھر میں آگ بھڑک اٹھی اور پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹنگ آپریشن مکمل کر کے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔دوسری جانب پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے وقار ظاہر ہاسٹل میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ اور آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں تین افراد زخمی ہوئے۔

ہسپتال ترجمان کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا جب ہاسٹل کے ایک کمرے میں گیس لیکج کے باعث اچانک دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں کمرے کا رہائشی اور دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر برن اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔حکام نے شہریوں کو گیس کے آلات کی بروقت چیکنگ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس نوعیت کے حادثات سے بچا جا سکے۔