راولپنڈی کے علاقے رینج روڈ پر ایک رہائشی گھر میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔
اس افسوسناک واقعے میں 7 افراد زخمی ہوگئے جن میں چار بچے، دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق، صبح کے وقت گھر میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے جب کسی نے چولہا یا سوئچ آن کیا تو دھماکا ہوگیا، جس سے گھر کے اندر آگ لگ گئی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد اہلِ علاقہ نے فوری طور پر امدادی اداروں کو اطلاع دی۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پالیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا کچن میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا، جو عمارت کے دیگر حصوں تک بھی پھیل گیا اور آگ لگنے سے گھر کے سامان کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی درست وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ ابتدائی طور پر واقعے کو گیس لیکج کا حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گھروں میں گیس لیکج سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے اور گیس لائنوں کا معائنہ باقاعدگی سے کیا جائے تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔