پنجاب بجٹ 2026-27 کی پیشی 16 جون کو متوقع، اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری تیار

پنجاب بجٹ 2026-27 کی پیشی 16 جون کو متوقع، اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری تیار

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 16 جون کو پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 جون کو طلب کرنے کے لیے محکمہ قانون کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ سرکاری طریقہ کار کے تحت محکمہ قانون گورنر پنجاب کو اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سفارشات اور سمری ارسال کرے گا، جس کے بعد اجلاس سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔بجٹ اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے لیے حکومت کی مالی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں، فلاحی پروگراموں اور مختلف شعبوں کے لیے فنڈز کی تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ بجٹ میں صوبے کی معاشی حکمت عملی، جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل کی تقسیم سمیت اہم پالیسی اقدامات بھی شامل ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب سرجری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وہ پیر سے دوبارہ وزیراعلیٰ آفس میں اپنی سرکاری ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مکمل طور پر روبہ صحت ہیں اور معمول کے مطابق حکومتی امور کی نگرانی کریں گی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز آئندہ ہفتے سے اہم سرکاری اجلاسوں کی صدارت بھی خود کریں گی اور صوبائی حکومت کے جاری منصوبوں، انتظامی معاملات اور بجٹ سے متعلق امور کا براہ راست جائزہ لیں گی۔