برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر، جون 2026 تاریخ کا دوسرا گرم ترین جون قرار

برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر، جون 2026 تاریخ کا دوسرا گرم ترین جون قرار

لندن: برطانیہ میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ جون 2026 گزشتہ 142 برس کے دوران دوسرا گرم ترین جون کا مہینہ رہا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق 1884 سے محفوظ موسمیاتی ریکارڈ کے بعد جون 2026 کو برطانیہ کی تاریخ کے گرم ترین جون کے مہینوں میں دوسرا مقام حاصل ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ اور ویلز میں یہ جون 1884 کے بعد دوسرا گرم ترین جون ثابت ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال جون کے دوران اوسط درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہا، جو موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے بڑھتے ہوئے اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق صرف دن ہی نہیں بلکہ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی گرمی ریکارڈ کی گئی۔ برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں جون کے دوران رات کے درجہ حرارت کے بھی نئے ریکارڈ قائم ہوئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید حبس اور گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے سرے کے قصبے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو جون کے مہینے کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل جون 1976 میں 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق یورپ بھر میں جاری ہیٹ ویو کے اثرات برطانیہ میں بھی واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید گرمی کی لہریں پہلے کے مقابلے میں زیادہ بار اور زیادہ شدت کے ساتھ سامنے آ رہی ہیں، جس کے نتیجے میں صحتِ عامہ، توانائی کے نظام، ٹرانسپورٹ اور ماحولیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔