پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پورے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ابتدائی طور پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں تین ماہ کا بجٹ پیش کرنا چاہتے تھے، تاہم قانونی پیچیدگیوں کے باعث یہ آپشن قابل عمل نہیں رہا۔شوکت یوسفزئی کے مطابق پارٹی نے صوبے کے وسیع تر مفاد میں وزیراعلیٰ کو پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ معاشی مشکلات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی بجٹ جمعہ 19 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کی ہدایت پر اسمبلی اجلاس، جو 17 جون 2026 کو ہونا تھا، ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب یہ اجلاس 19 جون 2026 بروز جمعہ دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا۔
صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔