پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن بجٹ پیش کر رہے ہیں

پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن بجٹ پیش کر رہے ہیں

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیرِ صدارت پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی شریک ہیں۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بجٹ تقریر کر رہے ہیں۔اپنی تقریر کے آغاز میں وزیر خزانہ نے کہا کہ مریم نواز شریف حکومت کا یہ تیسرا بجٹ ہے۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور قوم نے اتحاد و عزم کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے ملک و قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالا ہے" اور آج پاکستان ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔

بجٹ اجلاس میں مالی سال کے آمدن و اخراجات، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ اراکین اسمبلی کی جانب سے بجٹ تجاویز پر بحث بھی متوقع ہے۔پنجاب اسمبلی کے اس اہم اجلاس میں صوبے کی آئندہ مالی حکمت عملی، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی ریلیف کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔