دبئی: منی ایکسچینج میں ڈکیتی، 10 منٹ میں ملزمان گرفتار، 1 کروڑ درہم برآمد

دبئی: منی ایکسچینج میں ڈکیتی، 10 منٹ میں ملزمان گرفتار، 1 کروڑ درہم برآمد

 دبئی پولیس نے ڈیرہ کے علاقے میں واقع ایک منی ایکسچینج میں ہونے والی مسلح ڈکیتی کی واردات کو محض 10 منٹ میں ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق نقاب پوش ڈاکو ایک کروڑ درہم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، تاہم اطلاع ملتے ہی ڈیرہ دبئی میں فوری ناکہ بندی کر دی گئی اور فضائی نگرانی بھی شروع کر دی گئی۔حکام نے بتایا کہ ملزمان نے واردات کے دوران کرنسی ایکسچینج کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں باندھ دیا تھا۔ اسی دوران ایک ملازم نے اپنے موبائل فون کے ذریعے خفیہ طور پر دبئی پولیس کو اطلاع دے دی، جس پر پولیس نے فوری ردعمل ظاہر کیا۔دبئی پولیس کے مطابق پولیس ہیلی کاپٹر نے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں مختصر وقت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ایک افریقی ملک سے ہے، جبکہ ان کے قبضے سے لوٹی گئی پوری رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔حکام نے پولیس کی بروقت کارروائی کو جدید نگرانی کے نظام اور فوری ردعمل کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔