ویب ڈیسک: دبئی نے سونے کے کاروبار میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے دنیا کی پہلی خودکار "گولڈ ٹیسٹنگ اے ٹی ایم" مشین متعارف کرا دی ہے۔
یہ مشین صرف 60 سیکنڈ میں سونے اور دیگر قیمتی دھاتوں کی خالصیت اور وزن کی درست رپورٹ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔گلف نیوز کے مطابق دبئی میونسپلٹی نے اسمارٹ گولڈ اینڈ جیولری ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا ہے، جو اے ٹی ایم کی طرز پر کام کرتی ہے۔ صارف صرف اپنا زیور یا دھات مشین میں رکھتا ہے، اور ایک منٹ کے اندر اندر تفصیلی رپورٹ حاصل کر سکتا ہے جس میں سونا، چاندی، تانبہ، زنک اور دیگر دھاتوں کی فیصدی شرح درج ہوتی ہے۔نتیجہ صارف کو پرنٹ رسید یا ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے اے ٹی ایم یا کیش ڈپازٹ مشین سے رسید حاصل ہوتی ہے۔
دبئی میونسپلٹی کے مطابق، یہ مشینیں جلد ہی دبئی گولڈ سوک، بڑے شاپنگ مالز اور دیگر اہم مقامات پر نصب کی جائیں گی تاکہ شہری اور سیاح اپنے زیورات کی خالصیت فوری طور پر چیک کر سکیں۔ماہرین کے مطابق، سونے کی خالصیت کو قیراط (Karat) میں ناپا جاتا ہے — 24 قیراط (995 خالص سونا) کو سب سے زیادہ خالص مانا جاتا ہے، جبکہ 22، 18 اور 14 قیراط کا سونا عام طور پر زیورات سازی میں استعمال ہوتا ہے۔یہ جدید ایجاد دبئی کی اس پہچان کو مزید مضبوط بناتی ہے کہ وہ دنیا کے "گولڈ سٹی" کے طور پر ٹیکنالوجی اور اعتماد میں سب سے آگے ہے۔