عمان کے ساحل کے قریب حملے میں لاپتا بھارتی انجینئر کی لاش برآمد

عمان کے ساحل کے قریب حملے میں لاپتا بھارتی انجینئر کی لاش برآمد

عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز سے لاپتا ہونے والے بھارتی میرین انجینئر ہیرمب کرمارکر کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔

بھارتی سمندری کارکنوں کی یونین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ہیرمب کرمارکر کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 30 سالہ ہیرمب کرمارکر کا تعلق بھارتی شہر پونے سے تھا اور وہ قبرص کے پرچم بردار تجارتی جہاز جی ایف ایس گلیکسی پر بطور میرین انجینئر فرائض انجام دے رہے تھے۔رپورٹس کے مطابق اتوار کو عمانی ساحل کے قریب جہاز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ہیرمب کرمارکر لاپتا ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد ان کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا کے عہدیدار منوج یادو نے بتایا کہ منگل کی شام جہاز چلانے والی کمپنی کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ عمانی کوسٹ گارڈ نے ہیرمب کرمارکر کی لاش برآمد کر لی ہے۔

حکام کے مطابق تاحال حملے کی نوعیت، ذمہ دار عناصر اور واقعے کے پس پردہ عوامل کے بارے میں مکمل معلومات سامنے نہیں آسکیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف بڑھتی ہوئی کشیدگی نے تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔ عالمی بحری صنعت بھی خطے میں جہاز رانی کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ماہرین کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی سے نہ صرف بین الاقوامی شپنگ متاثر ہو سکتی ہے بلکہ توانائی کی ترسیل اور عالمی تجارت کو بھی خطرات لاحق ہیں۔