ویب ڈیسک: عمان کے ساحل کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں 19 پاکستانی شہری ڈوب گئے اور تاحال لاپتا ہیں، جبکہ ایک پاکستانی کو بحفاظت زندہ بچا لیا گیا ہے۔
امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ لاپتا افراد کو تلاش کیا جا سکے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عمان کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی کے حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 20 پاکستانیوں پر مشتمل کشتی 7 ستمبر کو طوفان کی نذر ہوگئی۔ حادثے کے دوران کشتی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد تمام مسافر سمندر میں کود گئے۔حادثے میں صرف ایک شخص، حامد اللہ خان، زندہ بچا جسے ایک بحری جہاز نے ریسکیو کیا۔ عمانی حکام نے اسے حراست میں لے لیا ہے، جبکہ پاکستانی سفارتخانہ اس کی وطن واپسی کے انتظامات کر رہا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کشتی گوادر سے ایران کے راستے عمان کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ زندہ بچ جانے والے حامد اللہ خان نے اپنے 19 ساتھیوں میں سے 11 کی شناخت فراہم کی ہے، تاہم باقی لاپتا افراد کے بارے میں مزید معلومات کے لیے عمانی وزارت خارجہ سے رابطہ جاری ہے۔وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کے مطابق واقعے کی مکمل تفصیلات کا انتظار ہے، اور پاکستانی مشن عمانی پولیس اور امیگریشن حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔