عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی ٹینکر کو نامعلوم پراجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔
یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے مطابق واقعہ عمان کے ساحلی علاقے لیما سے تقریباً 11 ناٹیکل میل شمال مشرق میں پیش آیا۔ ادارے کو جہاز کی کمپنی کے سیکیورٹی آفیسر کی جانب سے حملے کی اطلاع موصول ہوئی۔جاری کردہ انتباہی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم پراجیکٹائل جہاز کے انجن روم سے ٹکرایا، جس سے اسے نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد علاقائی کوسٹ گارڈ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی فرد کے زخمی ہونے یا سمندری ماحول کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ متاثرہ ٹینکر کے پرچم یا ملک کی شناخت بھی تاحال واضح نہیں ہو سکی۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز اور خلیجی سمندری راستوں پر سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔