عمان کے ساحل کے قریب بھارتی پرچم بردار کارگو جہاز کو نامعلوم فضائی شے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی ملاح ہلاک ہوگیا جبکہ جہاز پر سوار دیگر 13 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق واقعے کا شکار ہونے والے کارگو جہاز کی شناخت ایم ایس وی ال جُسُفی کے نام سے ہوئی ہے، جس پر مجموعی طور پر 14 بھارتی ملاح سوار تھے۔ حملے کے دوران ایک ملاح شدید زخمی ہوگیا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ہلاک ہونے والے ملاح کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے گندھر نعیم عجیز کے نام سے کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد عمانی کوسٹ گارڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جہاز پر موجود دیگر 13 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔بھارتی وزیر برائے جہاز رانی سربانند سونووال نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزارت اور عمان میں بھارتی سفارت خانہ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ان رابطوں کا مقصد متاثرہ افراد کو ضروری مدد فراہم کرنا اور ان کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کرنا ہے۔حکام کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جہاز کو نشانہ بنانے والی فضائی شے ڈرون تھی یا میزائل۔ واقعے کے ذمہ دار فریق کی بھی سرکاری طور پر شناخت نہیں کی گئی۔