برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا ہے کہ پیر کی علی الصبح عمان کے ساحل کے قریب ایک دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان کے شہر خصب سے تقریباً 20 بحری میل شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کے قریب دھماکا ہوا، جس سے خطے میں بحری سلامتی کے حوالے سے تشویش پیدا ہو گئی۔یو کے ایم ٹی او کے مطابق آئل ٹینکر کے کپتان نے جہاز کے انتہائی قریب دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس پر سوار تمام عملہ محفوظ ہے۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ علاقے سے گزرنے والے تمام تجارتی بحری جہازوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادارے نے جہازوں کے عملے سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی بحری نقل و حمل اور توانائی کی ترسیل پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔