اسپین کی فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں شاندار رسائی پر ہسپانوی شاہی خاندان بھی خوشی سے سرشار ہوگیا، جہاں بادشاہ، ملکہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے قومی ٹیم کی کامیابی کا بھرپور جشن منایا۔
تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل میں فرانس کو 0-2 سے شکست دینے کے بعد اسپین کی تاریخی کامیابی پر شاہ فیلیپ ششم، ملکہ لیٹیزیا، شہزادی لیونور اور انفانٹا صوفیہ کی جشن مناتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ہسپانوی شاہی خاندان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ویڈیو میں چاروں افراد اسپین کی قومی ٹیم کی جرسی پہنے ایک صوفے پر بیٹھے میچ کے آخری لمحات دیکھتے ہوئے نظر آئے۔ جیسے ہی اسپین کی فتح یقینی ہوئی، شاہی خاندان کے افراد خوشی سے کھڑے ہوگئے، ایک دوسرے کو گلے لگایا اور کامیابی کا جشن منایا۔ویڈیو کے ساتھ جاری پیغام میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ کھلاڑیوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہیں۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ اب پورا اسپین قومی ٹیم کے ساتھ کھڑا ہے اور امید ہے کہ ٹیم فائنل میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔دوسری جانب اسپین بھر میں شائقین فٹبال سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منایا۔ کئی مقامات پر شائقین نے قومی پرچم لہراتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ بعض افراد فلسطینی پرچم کے ساتھ بھی جشن مناتے دکھائی دیے۔امریکی شہر نیویارک میں موجود ہسپانوی شائقین نے بھی بڑی تعداد میں جمع ہو کر اپنی ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا اور ورلڈکپ فائنل میں فتح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔