لاس اینجلس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں اسپین نے آسٹریا کو 3-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اسپین نے 16 سال بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی کامیابی بھی اپنے نام کی۔میچ کے آغاز سے ہی اسپین نے کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور مسلسل دباؤ کے بعد 36ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔ مارک کوکوریلا کے شاندار لو کراس پر میکل اویارزابال نے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔دوسرے ہاف میں بھی اسپین کی برتری برقرار رہی اور 66ویں منٹ میں عمدہ ٹیم ورک کے بعد الیکس بائنا کے کراس پر رائٹ بیک پیڈرو پورو نے ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول اسکور کیا۔میچ کے اختتامی لمحات میں مارک کوکوریلا نے ایک اور بہترین پاس دیا، جس پر میکل اویارزابال نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنے گولوں کی تعداد چار کر دی۔اسپین کو پہلے ہاف میں ایک اور گول بھی ملا تھا، تاہم وی اے آر کے جائزے کے بعد اسے فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔
آسٹریا کے گول کیپر الیگزینڈر شلیگر نے متعدد شاندار سیوز کر کے اپنی ٹیم کو مزید نقصان سے بچانے کی کوشش کی، تاہم اسپین کی مسلسل برتری کے سامنے وہ بھی بے بس دکھائی دیے۔1954 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی آسٹریا کی ٹیم پورے میچ میں مؤثر مزاحمت نہ کر سکی۔اس فتح کے ساتھ اسپین نے ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھے میچ میں بھی کلین شیٹ برقرار رکھی اور دفاعی کارکردگی کے لحاظ سے میکسیکو کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کر لیا۔