فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار عالمی رینکنگ کی ابتدائی چار پوزیشنز پر موجود تمام ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپین، ارجنٹینا، فرانس اور انگلینڈ کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ فیفا کے نئے ڈرا سسٹم نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس کے تحت ٹاپ رینکڈ ٹیموں کو ٹورنامنٹ کے مختلف حصوں میں رکھا گیا تاکہ وہ سیمی فائنل سے قبل ایک دوسرے کے مدمقابل نہ آئیں۔نئے نظام کی کامیابی کے لیے ضروری تھا کہ تمام بڑی ٹیمیں اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کریں، اور چاروں ٹیموں نے یہ ہدف حاصل کر لیا۔ اس کے نتیجے میں اسپین اور ارجنٹینا کا ممکنہ مقابلہ صرف فائنل میں ہو سکتا ہے، جبکہ فرانس اور انگلینڈ کو بھی ناک آؤٹ مرحلے میں الگ راستے ملے۔سیمی فائنلز میں اسپین کا مقابلہ فرانس سے جبکہ ارجنٹینا کی ٹیم انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔
واضح رہے کہ 48 ٹیموں پر مشتمل نئے ورلڈکپ فارمیٹ کے باعث ابتدائی ناک آؤٹ مرحلے میں بڑی ٹیموں کے ٹکرانے کے امکانات بڑھ گئے تھے، جس کے بعد فیفا نے ڈرا کے طریقہ کار میں تبدیلی کی۔فیفا کے مطابق نئے فارمیٹ کا مقصد بڑے مقابلوں کو ٹورنامنٹ کے آخری مراحل تک برقرار رکھنا اور مقابلوں میں توازن پیدا کرنا تھا، جو اس بار کامیاب دکھائی دے رہا ہے۔