مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت جاری، تازہ حملے میں 4 فلسطینی شہید

مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت جاری، تازہ حملے میں 4 فلسطینی شہید

نابلس: مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ تازہ حملے میں چار فلسطینی شہید جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز نابلس کے جنوب مغرب میں واقع قصبے طیل پر اسرائیلی فوج اور اسرائیلی آبادکاروں نے دھاوا بول دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے فلسطینی آبادی کو نشانہ بنایا اور متعدد مقامات پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کئی افراد گولیوں کا نشانہ بنے۔

فلسطینی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار ہو گئی ہے، جبکہ چار زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

مقامی اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے قصبے میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کیا اور کم از کم دو رہائشی مکانات پر براہِ راست فائرنگ کی، جس سے گھروں میں موجود افراد خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ حملے کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی اور اسرائیلی فورسز نے مختلف مقامات پر اپنی موجودگی بھی بڑھا دی۔

تاحال اسرائیلی حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے حملے کی تمام تفصیلات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں نے مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز کے بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔