رحیم یار خان: کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچہ جاں بحق

رحیم یار خان: کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچہ جاں بحق

رحیم یار خان کے علاقے رحمت نیازی کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 3 سالہ معصوم بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مین ہول کا ڈھکن ٹوٹا ہوا تھا، جس کے باعث بچہ اچانک اس میں جا گرا۔ مین ہول میں گرنے کے بعد دم گھٹنے سے اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو فوری طور پر نکال کر شیخ زید اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔معصوم بچے کی ہلاکت پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔