پاکستان اور امریکی ڈی ایف سی کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور امریکی ڈی ایف سی کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے ڈی ایف سی کی جانب سے توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور بندرگاہوں سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہا۔ دونوں فریقین نے جاری اور مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا اور مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ نے ڈی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو کو فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستان میں تیار کیا جانے والا آفیشل فٹ بال "ٹرائیونڈا" بطور تحفہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال کا مسلسل انتخاب ملک کے صنعتی معیار اور مہارت کا مظہر ہے۔

ڈی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو بینجمن بلیک نے "ٹرائیونڈا" فٹ بال کے معیار کو سراہتے ہوئے پاکستان کے صنعتی شعبے کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک۔امریکا اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات، باہمی اعتماد اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔