مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے فرانسیسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور لاہور آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پنجاب اور فرانس کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ، صنعتی شراکت داری میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں زراعت، صنعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور فرانسیسی کمپنیوں کی شراکت سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔مریم نواز نے اربن ویسٹ واٹر گورننس پراجیکٹ میں بھی فرانسیسی سرمایہ کاروں کو شراکت داری کی پیشکش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کو نئی رفتار ملے گی۔ملاقات میں پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس اور یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور معیشت کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل اور کھیلوں کے سامان کی صنعت کے لیے یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی انتہائی اہم ہے۔ فرانس کا تعاون یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یاد دلایا کہ فرانس ماضی میں وزارتی سطح پر پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت بھی کرچکا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کی اہم مثال ہے۔ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں فرانسیسی تعاون کو بھی سراہا گیا۔ مریم نواز نے پنجاب میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ اسٹیشنز کے لیے قرض فراہم کرنے پر فرانس کا شکریہ ادا کیا اور فرانسیسی سفیر کی سفارتی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور دوطرفہ تعلقات کو طویل المدتی اور مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔

ملاقات کے اختتام پر فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواریے نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے فرانس کے دورے کی دعوت دی، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔