اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے امریکی ہم منصب سکاٹ بیسنٹ سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی تعاون، امریکی سرمایہ کاری، مالیاتی استحکام اور تذویراتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی وزیرِ خزانہ کو پاکستان کی معیشت میں آنے والے استحکام، جاری اصلاحاتی اقدامات اور پائیدار، برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کے پاکستانی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے کے لیے امریکی تعاون کا خواہاں ہے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ تذویراتی منصوبوں پر تیز رفتار پیش رفت کے عزم کا اعادہ کیا۔