پاکستان اور عمان میں تجارت، سرمایہ کاری اور اعلیٰ سطح کے روابط بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور عمان میں تجارت، سرمایہ کاری اور اعلیٰ سطح کے روابط بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سلطنت عمان نے تجارت، سرمایہ کاری، اعلیٰ سطح کے روابط اور عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم (ARF 2026) کے موقع پر منیلا میں عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، عوامی روابط کے فروغ، کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار اور عمانی وزیر خارجہ نے خطے اور دنیا کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ عمان کے وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مکالمے کو فروغ دینے اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی برقرار رکھنے، بین الاقوامی قانون کے احترام اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عمان نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔